ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدارتی انتخاب 2022: بی جے پی نے تشکیل دی منیجنگ کمیٹی، اپوزیشن کی میٹنگ21جون کو

صدارتی انتخاب 2022: بی جے پی نے تشکیل دی منیجنگ کمیٹی، اپوزیشن کی میٹنگ21جون کو

Sat, 18 Jun 2022 12:04:34    S.O. News Service

نئی دہلی،18؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) آئندہ ماہ صدارتی انتخاب ہونا ہے اور برسراقتدار طبقہ کے ساتھ ساتھ اپوزیشن پارٹیوں نے بھی اپنی پسند کا صدر جمہوریہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں - بی جے پی نے اس سلسلے میں جمعہ کے روز ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 14 رکنی منیجنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے- مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کو اس کمیٹی کا کنوینر بنایا گیا ہے- دوسری طرف اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو کر اپنی طرف سے ایک مشترکہ امیدوار صدارتی انتخاب کیلئے کھڑا کرنے کیلئے پرعزم ہیں - اس سلسلے میں اپوزیشن نے آئندہ 21 جون کو شرد پوار کی صدارت میں میٹنگ طلب کی ہے-

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن 15 جون کو جاری ہو چکا ہے-18جولائی کو ووٹنگ ہوگی اور21جولائی کو ووٹ شماری کی جائے گی- حالانکہ ابھی تک نہ تو برسراقتدار طبقہ نے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کیا ہے، او رنہ ہی اپوزیشن نے یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ کسے اپنا امیدوار بنائے گی- حالانکہ شرد پوار کے نام کا تذکرہ ہو رہا تھا، لیکن انھوں نے گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں صاف طور پر کہہ دیا کہ وہ ابھی سرگرم سیاست کو چھوڑنا نہیں چاہتے - اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ21جون کو اپوزیشن پارٹیوں کی ہونے والی میٹنگ میں کیا فیصلہ لیا جاتا ہے- بتایا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں 17پارٹیوں کی شرکت ہوگی-

دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کی طرف سے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ لگاتار اپوزیشن پارٹی لیڈروں سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ صدر جمہوریہ کیلئے انتخاب کی ضرورت نہ پڑے- یعنی برسراقتدار طبقہ جس امیدوار کو کھڑا کرے وہ بلامقابلہ منتخب ہو جائے- انھوں نے ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی اور کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے سے بھی اس سلسلے میں بات کی، لیکن ان دونوں نے ہی صاف طور پر کہہ دیا کہ پہلے امیدوار کا نام بتایا جائے تبھی آگے کچھ بات ہوگی-


Share: